حکومت معیشت اور ریاستی ادارے تباہ کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے،بلاول

136

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کی صنعتوں کے لیے سوئی گیس کی فراہمی منقطع کرنے کے عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان منظم طریقے سے پاکستانی معیشت اور ریاستی اداروں کو تباہ کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ایک بیان میں بلاول نے کہا کہ کراچی کی صنعتوں کو سوئی گیس کی فراہمی روک کر عمران خان نے ملکی معیشت پر ایک اور کاری ضرب لگائی ہے،تعجب کی بات ہے کہ پورے ملک میں صرف کراچی کے صنعت کاروں کے لیے گیس کی فراہمی بند کی جارہی ہے،سندھ کی تمام 14 گیس فیلڈز میں بحالی کا کام ایک ساتھ شروع کرنے کے مبینہ دعوے کے بعد کراچی کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند کی گئی۔انہوںنے کہا کہ عمران خان نے کراچی کی صنعتوں کے لیے گیس کی فراہمی بند کرکے نہ صرف ملکی برآمدات بلکہ صنعت کاروں کی ساکھ کو بھی دا ؤپر لگادیاہے،آئینی طور پر سوئی گیس پیدا کرنے والے بلوچستان اور سندھ کا پہلا حق ہے کہ وہاں سب سے پہلے گیس فراہم کی جائے ۔ بلاول نے کہا کہ ایک جانب عمران خان کی ہدایت پر سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی روک دی اور دوسری جانب ادارے سے ملازمین کو بغیر وجہ اور نوٹس نکالا جارہا ہے۔