کراچی(اسٹاف رپورٹر) عدالت عظمیٰ نے 6 برس سے غائب شہری نیاز اجن کو بازیابی سے متعلق دائر درخواست پرپولیس سے 3 ہفتے میں پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔جمعرات کو عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں جسٹس مقبول باقر ،جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل بینچ نے 6 برس سے غائب شہری نیاز اجن کو بازیابی سے متعلق اہل خانہ کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے پولیس حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ نے اب تک کیا تحقیقات کی ہے، جس کا پولیس حکام کی جانب سے مفصل جواب نہیں دیا گیا۔اس موقع پر مغوی نیاز اجن کی بہن اور اہلیہ کی جانب سے عدالت میں آہ وبکا کی گئی۔ مغوی نیاز اجن کے اہل خانہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیازاجن ملیر بھینس کالونی سے 2016سے غائب ہے ‘ ہائی کورٹ نے پولیس رپورٹ پر درخواست خارج کردی تھی۔بعد ازاں عدالت نے پولیس سے 3 ہفتے میں پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔