لوگوں کو اندھے پن سے بچائیے

273

ایسے لوگ اللہ تعالیٰ کے چنیدہ ہوتے ہیں اور معاشرے کے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمت خاص ہوا کرتے ہیں جو دوسروں کے درد کو اپنا درد سمجھتے اور محسوس کرتے ہیں۔ یہ اکتوبر 1979 کا زمانہ تھا جب تقریباً ملک بھر کے پچاس ڈاکٹروں نے جن کا تعلق جماعت اسلامی سے تھا ڈاکٹروں کی ایک تنظیم قائم کی جس کا مقصد ڈاکٹروں کے اندر دعوت دین کو پہنچانا اور اس کے ذریعے ان کی سیرت وہ کردار کی تعمیر کرنا اور رضائے الٰہی کا حصول۔ یہ سفر آگے بڑھا اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے ملک میں پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن، ڈاکٹروں کی ایک منظم تنظیم کی شکل میں خدمت کے کام میں سر فہرست ہوگئی۔ اس تنظیم نے نہ صرف ملک کے اندر بلکہ دنیا کے کئی ملکوں میں انسانوں کی خدمت بلا تقسیم مذہب، اور رنگ و نسل کی ظاہر ہے جب ایک شجر پروان چڑھتا ہے تو اس کی شاخیں بھی پھیلتی ہیں اور خلق خدا کو سایہ اور ثمر دونوں فراہم کرتی ہیں۔ ملک کے اندر تقریباً بیس ملین افراد ہیں جو اندھے پن کا شکار ہیں اور ان میں اسّی فی صد افراد کا علاج ممکن ہے اور علاج کے ذریعے ان کی بینائی واپس آسکتی ہے مگر یہ افراد اپنی آنکھوں کا علاج وسائل یا اچھے اسپتال دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے نہیں کرا سکتے۔ 2007 میں اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ڈاکٹروں کی اس تنظیم نے Prevention of Blindness (POB) قائم کیا تاکہ جو لوگ اندھے پن کا شکار ہیں ان کا علاج مفت کیا جاسکے۔ یہ ایک فلاحی ٹرسٹ ہے۔ جس کا بنیادی مقصد لوگوں کو مستقل اندھے پن سے بچانا ہے۔ ملک کی معاشی بگڑی ہوئی صورت حال میں کہ جہاں دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل تر ہوتا جارہا ہے۔ ایسے میں علاج معالجے کی سہولتیں عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔ پی او بی ٹرسٹ کے اسپتال لاہور اور کراچی میں موجود ہیں جو لوگوں کی عزت نفس کو مجروح کیے بغیر بڑی تکریم کے ساتھ آنکھوں کا علاج مفت کررہے ہیں جس میں آنکھوں کے چھوٹے بڑے امراض سے لے کر سفید موتیا کی سرجری معیاری لینس کے ساتھ شامل ہے۔
ملک کی ایسی آبادیاں جہاں کم آمدنی والے افراد بستے ہیں وہاں یہ ادارہ مفت آئی کیمپ لگایا کرتا ہے جہاں مرد و خواتین کی بڑی تعداد آتی ہے اور اپنا علاج کراتے ہیں جن افراد کو موتیا ہوجاتا ہے ان تمام افراد کو اسپتال لایا جاتا ہے اور ان کی سرجری کرکے ان کو واپس ان کے علاقوں تک پہنچایا جاتا ہے۔
اب ذکر ہوجائے کچھ کراچی کے ان مقامات کا جہاں آنکھوں کے معیاری اسپتال موجود نہیں یا پھر ایسے افراد بستے ہیں جو کم آمدنی والے ہیں۔ جیسے کورنگی، لانڈھی، لیاری، سرجانی اور اونگی ٹاؤن یہاں ہر اتوار کو بڑی تعداد میں آئی کیمپ کا بندوبست کیا جاتا ہے جہاں سیکٹرں مریض آتے ہیں۔ اور یہاں سے آنکھوں کا مفت علاج کراتے ہیں۔ ضلع غربی کراچی کا ایک ایسا ہی ضلع ہے جو عرصہ ٔ دراز سے زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے یہاں آنکھوں کے معیاری علاج کے لیے لوگوں کو الخدمت آنا پڑتا ہے۔ آبادی کے لحاظ سے یہ ادارہ آنکھوں کے علاج کے لیے ناکافی تھا پہلے پہل یہاں مختلف آبادیوں میں آنکھوں کے کیمپ جماعت اسلامی ضلع غربی لگایا کرتی تھی یہاں پی او بی کے ڈاکٹر مریضوں کا معائنہ کرتے ان کو ادویات تجویز کرتے ان مختلف علاقوں میں لگنے والے عارضی علاج گاہ سے بہت بڑی تعداد میں لوگ آنکھو ں کا علاج کراتے تھے۔ اب بھی جماعت اسلامی کے مختلف علاقوں اور زون میں یہ کیمپ لگاکر عوام الناس کو بلا تفریق مذہب اور رنگ و نسل علاج و معالجے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے مگر مئی 2018 کو اس وقت کے امیر زون مولانا مدثّر حسین انصاری نے ایک مستقل آئی کیمپ دفتر جماعت اسلامی نزد سلمان فارسی مسجد اورنگی ٹاؤن کا آغاز کیا اس وقت سے لے کر آج تک یہ کیمپ مستقل کام کررہا ہے۔ اس کا انعقاد ہر اتوار صبح دس سے دوپہر ایک بجے تک ہوتا ہے جس میں کم و بیش سو مریض دیکھے جاتے ہیں۔ ان مریضوں کی اخلاقی تربیت کے لیے کتابوں کے تحائف دیے جاتے ہیں۔ اپنی بار ی کے آتے تک یہ مریض خوشگوار ماحول سے آراستہ انتظار گاہ میں ان کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں جو مریض پڑھنا نہیں جانتے ان کے لیے یہاں ایک ایل سی ڈی لگائی گئی ہے۔
پرانے کہتے ہیں کہ دند گئے تے سواد گیا۔۔ انکھاں گیئاں تے جہاں گیا۔ وہ مریض جو اندھے پن کا شکار ہوجاتے ہیں یا موتیا کی وجہ سے ان کو کچھ نظر نہیں آتا اس طرح کے مریضوں کی جب آنکھیں روشن ہوجاتی ہیں تو ان کی حالت قابل دید ہوتی ہے وہ الفاظ نہیں ہیں کہ ان کی اس خوشی کو ضبط تحریر میں لایا جاسکے۔ بس ان کے پاس جھولیاں بھر بھر دعائیں ہوتی ہیں اور کسی نے بڑی درست بات کہی ہے کہ دعاؤں کا کوئی رنگ نہیں ہوتا مگر یہ دعائیں دنیا و آخرت میں کامیابی کے رنگ بکھیر دیتی ہیں۔ ذرا سوچیے۔۔۔ جن لوگوں نے یہ ادارہ قائم کیا، جن لوگوں نے اس ادارے کے ساتھ کسی طرح کا مالی تعاون کیا اپنی زکوٰۃ۔ عطیات کے ذریعے، میرا رب بڑا قدر دان ہے وہ کسی ذرہ برابر بھی بھلائی کو رائیگاں نہیں جانے دیتا۔ وہ ان کی دل کی دنیا روشن کرے گا اور آخرت میں بھی ان کو روشنی عطا کرے گا کیونکہ مخلوق اللہ کا کنبہ ہے۔ روشنیاں بانٹنے کا یہ سفر جاری ہے ہر روز اس میں اضافہ ہورہا ہے۔ آئیے اس سفر میں ہمسفر بنیے۔ تمام وہ لوگ جو اندروں ملک اور بیرون ملک بستے ہیں اس ادارے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ روشنیاں بانٹنے کا یہ سفر جاری رہے۔