کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل اولمپک کمیٹی لاڑکانہ کے سیکریٹری شفقت حسین مکانی نے کہا ہے کہ کھلاڑی امن کے سفیر اور دنیا میں ملک کا نام روشن کرنے والے ہوتے ہیں۔ اور ان کو اپنے کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم اور نظم و ضبط کا بھی پابند ہونا چاہیے۔ تاکہ وہ ایک مثالی کھلاڑی بن سکیں، وہ سندھ باکسنگ ایسوی ایشن کے زیر اہتمام محکمہ کھیل سندھ کے تعاون سے ڈریگون باکسنگ کلب میونسپل اسٹیڈیم لاڑکانہ میں ایک روزہ سندھ اسپورٹس بورڈ پاکستان باکسنگ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں تقسیم انعامات کے موقع پر کھلاڑیوں اور آفیشلز سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر پولیس ٹریننگ سینٹرل لاڑکانہ، کے ریزیڈینشل آفیسرجاوید احمد خان کھوڑو، ڈویڑنل باکسنگ ایسوسی ایشن لاڑکانہ کے صدر اعجاز علی بلیدی، سیکریٹری عاشق علی شیخ و دیگر معززین موجود تھے، جبکہ ریفری ججز کے فرائض محمد رستم، عبدالمجید سومرو، شیر محمد، عقیل احمد آصف بلوچ، اور منور علی جبکہ چیف جیوری کے فرائض محمد یونس پٹھان نے انجام دیے۔اس سے قبل ایک روزہ ورق شاپ میں انٹر نیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے نئے قوانین اور ان کے اطلاق پر باکسروں، کھلاڑیوں اور والینٹروں کولیکچر دیئے گئے۔ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ کی ٹیموں کے سینئر کلاس کے باکسروں نے حصہ لیا۔ٹورنامنٹ میںکل 20مقابلے ہوئے، فائنل مقابلوں کے نتائج کے مطابق لاڑکانہ ڈویژن نے 5گولڈ میڈل لے کر پہلی، میرپور خاص ڈویژن نے 4گولڈ کے ساتھ دوسری اور سکھر ڈویژن نے ایک گولڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔