کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے،سپریم کورٹ کے الیکٹرک کی بد ترین اعلانیہ وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو شہر بھر میں امن و امان کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری کے الیکٹرک اور حکومت پر عائد ہوگی،سخت گرمی میں کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ NTDCسے اضافی بجلی ملنے کے باوجود شہر میں لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوئی،کے الیکٹرک کے دعووں کے برعکس اب تک بن قاسم پلانٹ تھری شروع نہ ہوسکا۔
انہوں نے مزید کہاکہ بجلی سے محروم عوام احتجاج کرنے اور سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں ، بدترین لوڈشیڈنگ پر عوام کے الیکٹرک کے خلاف شہر میں متعدد علاقوں میں مظاہرے کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور نیپرا کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کے بجائے اسے مسلسل نواز رہی ہے اور عوام کو کے الیکٹرک کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور نیپرا کا کام صرف کے الیکٹرک کو مراعات اور سبسڈی دینا ہے، ایک پرائیویٹ کمپنی جو عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہے اس کے باوجود اسے مسلسل نوازا جا رہا ہے اور وفاقی حکومت اور نیپرا اس کے خلاف کوئی کارروائی کرنے پر تیار نہیں۔