اینٹی وائرس سافٹ ویئر کے بانی جان میکافی نے اسیری کے دوران مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی وائرس سافٹ ویئر کے بانی 75 سالہ جان میکافی بارسلونا کے ایک جیل میں اپنی کوٹھری میں مردہ پائے گئے ہیں اور امکان یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہوں نے خودکشی کی ہے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے میکافی کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی تاہم وہ موت کے منہ میں جا چکے تھے۔
کاتالونیا کے محکمہ انصاف کے مطابق دستیاب شواہد ان کی خودکشی کی جانب اشارے کرتے ہیں۔
کمپیوٹر سسٹم میں اینٹی وائرس ایجاد کرنے والے جان میکافی کو گزشتہ سال اکتوبر میں اسپین پولیس گرفتار نے کیا تھا.
جان میکافی کو ٹیکس چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ میکافی پر 2014 سے 2018 تک ٹیکس ریٹرنز جمع نہ کرانے کا الزام تھا جب کہ اثاثے چھپانے کا بھی الزام تھا۔ میکافی نے اپنی آمدنی دوسروں کے نام پر اکاؤنٹس میں جمع کی۔
گزشتہ روز ہی بارسلونا کی عدالت نے ٹیکس چوری کے الزامات کا جواب دینے کے لیے میکافی کو امریکا کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔
اس پر میکافی نے کہا تھا کہ ان کے خلاف مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں اگر امریکا کے حوالے کیا گیاتو ساری زندگی ان کی جیل میں گزرے گی۔