اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ووٹ کا حق سمندر پار پاکستانیوں کا بنیادی حق ہے اور وزیر اعظم عمران خان سمندر پار پاکستانیوں کے سب سے بڑے حامی ہیں،جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستان کی سیاست کا علم نہیں ہے درحقیقت انہیں بذات خود کچھ علم نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے اوورسیز پاکستانیز کی طرف سے کیے گئے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شہباز گل نے کہا کہ میں خود بھی اوورسیز پاکستانی ہوں لیکن ہمارادل ہر وقت پاکستان کے لیے دھڑکتا ہے ، وزیر اعظم عمران خان کو سمندر پار پاکستانیوں کی اہمیت اور ان کے حقوق کا بخوبی احساس ہے اور وزیر اعظم ذاتی طور پر چاہتے ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی اوورسیز پاکستانی ہوں اور اس پر فخر کرتاہوں۔پاکستان اوورسیز فورم کے چیئرمین شاہد رضا رانجھا نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہماری قرار داد کو منظور کر لیا ہے اور تمام سمندر پار پاکستانی اس کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں ۔