حسن علی اور محمد وسیم نے اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے پشاور زلمی کے خلاف ابوظبی میں ہوئے میچ میں نویں وکٹ کی شراکت میں 25گیندوں پر62 رنز کا اضافہ کیا جو پاکستان سپر لیگ میں اس وکٹ کی سب سے بڑی شراکت ہے۔
اسلام آباد یونائٹیڈ کا آٹھویں وکٹ15.4 اوور میں110رنز کے اسکور پر گری تھی جس کے بعد محمد وسیم نے نویں وکٹ کے لیے25گیندوںپر62 رنز کا اضافہ کیا تھا۔ ان دونوں کی یہ شراکت اس اننگز میں سب سے بڑی شراکت بھی تھی۔
حسن علی نے 16 بالوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے45 رن زبناکر رن آئوٹ ہوئے۔اگر وہ اپنی نصف سنچری ایک بال اور کھیل کر مکمل کرلیتے تو وہ پاکستان سپر لیگ میں سب سے تیز نصف سنچری کا ریکارڈ برابر کرلیتے۔ پاکستان سپر لیگ میں سب سے تیز نصف سنچری بنانے کا اعزاز مشترکہ طور پر پشاور زلمی کے کامران اکمل اور حضرت اللہ زازئی اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے آصف علی کے پاس ہے۔ ان تینوں نے17۔17 بالوں پر اپنی نصف سنچریاں مکمل کی تھیں۔کامران اکمل نے کراچی کنگز کے خلاف لاہور میں21 مارچ2018 کو اپنی77 رنز کی اننگز کے دوران 50 رنز17گیندوں پر4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے مکمل کیے تھے۔ آصف علی نے لاہور قلندرز کے خلاف کراچی میں9 مارچ2019 کو اپنی آئوٹ ہوئے بغیر55 رنز کی اننگزکے دوران50 رنز 2چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے17گیندوں پر مکمل کیے تھے۔حضرت اللہ زازئی نے15 جون 2021 کو کراچی کنگز کے خلاف اپنی63 رنز کی اننگز کے دوراننصف سنچری17 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے مکمل کی تھی۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے حسن علی کا یہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔ اس سے پہلے ان کا سب سے زیادہ اسکور35 تھا۔ابھی تک انہوں نے جو118 ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی53 اننگوں میں 12.16 کی اوسط اور166.07 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ227 رنز بنائے ہیں جس میں 25 چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل ہیں۔
پاکستان سپر لیگ میں اس سے پہلے نویں وکٹ کی رفاقت کا ریکارڈ یاسر شاہ اور سہیل تنویر کے پاس تھا۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے24 فروری 2017 کو دبئی میں لاہور قلندرز کی جانب سے پشاور زلمی کے خلاف نویں وکٹ کی شراکت میں44 گیندوں پر55 رنز کی شراکت کی تھی۔لاہور قلندرز کا آٹھواں وکٹ 12.1 اوور میں92رنز کے اسکور پر گرا تھا جس کے بعد نویں وکٹ کی55 رنز کی شراکت ہوئی تھی۔
پشاور زلمی کے وہاب ریاض اور عمید آصف نے اسلام آاد یونائٹیڈ کے خلاف دبئی میں9 مارچ2018 کو ہوئے میچ میں نویں وکٹ کی شراکت میں 55 رنز جوڑکر پاکستاں سپر لیگ میں نویں وکٹ کی شراکت کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔ اس میچ میں پشاور زلمی کا آٹھواں وکٹ 13.3 اوور میں 92 رنز کے اسکور پر گرا تھا جس کے بعد وہاب ریاض اور عمید آصف نے نویں وکٹ کے لیے29 گیندوں پر55 رنز کی شراکت کی تھی۔ وہاب ریاض اورعمید آصف کی شراکت پشاور زلمی کو26 رنز کی شکست سے نہیں بچا سکی تھی۔ وہاب ریاض نے25گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 33 رنز بنائے تھے۔