کورونا سے ہلاکتوں میں کمی،پاک ایران سفری پابندیاں نرم

146

اسلام آباد/ کراچی/ کوئٹہ (خبر ایجنسیاں/اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میںکوروناسے ہلاکتوں میں کمی کے بعد پاک ایران سفری پابندی نرم کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مزید39 افراد جاں بحق ہو گئے ‘ مجموعی اموات 22ہزار73 تک پہنچ گئیں جبکہ 930 نئے کیسز رپورٹ ہوئے‘ مثبت کیسز کی تعداد 9 لاکھ50 ہزار 768 ہوگئی۔ بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 45 ہزار519 ٹیسٹ کیے گئے‘
اب تک کورونا کی مجموعی طور پر ایک کروڑ34 لاکھ84 ہزار354 ڈوز لگائی جاچکی ہیں جبکہ 25 لاکھ 66 ہزار547 افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے۔پاکستان اور ایران کی حکومتوں نے کورونا وائرس میں کمی کے پیش نظر عاید سفری پابندیاں نرم کر دیں‘ دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری افراد اور طالب علم جنہوں نے کورونا ویکسی نیشن کرائی ہو وہ سفر کر سکیں گے۔ وفاقی حکومت کے احکامات کی روشنی میں پاک ایران ایف آئی اے امیگریشن گیٹ جو 28 اپریل سے کورونا وائرس کی تیسری لہر کی وجہ سے بند کیا گیا تھا ‘ گزشتہ روز بدھ سے کھل گیا ہے تاہم زیارت پر جانے والوں پر پابندی برقرار رہے گی‘ اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیاں پہلے سے بحال ہیں۔ پاک بھارت سرحد ایک روز کے لیے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا‘ 28 جون کو461 افراد بھارت جائیں گے، بھارت جانے والوں میں 405 بھارتی شہری شامل ہیں جو سرحد بند ہونے کے بعد پاکستان میں پھنس گئے تھے جبکہ بھارتی ویزے کے حامل 56 افراد بھی بھارت روانہ ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ حکومت کورونا ویکسین کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنا رہی ہے تاہم یہ بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ عالمی سطح پر ویکسین کی کمی ایک مسئلہ ہے۔ وہ اسلا م آباد میں ہیلتھ اینڈ پاپولیشن تھنک ٹینک کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے چین سے کورونا ویکسین سائنو ویک کی مزید 20 لاکھ خوراکوں کی کھیپ اسلام آباد پہنچ گئی۔ (این سی او سی) نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے ویکسین کی خریداری عالمی مارکیٹ سے کر رہا ہے، مزید ویکسین آنے کے بعد اب یومیہ ویکسین لگنے میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ پاکستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے ماہرین نے چین سے درآمدکردہ کورونا ویکسین ’’کین سائنو‘‘ سے مقامی طور پر ’’پاک ویک‘‘ کی 9 لاکھ خوراکیں خود تیار کرلی ہیں۔ این آئی ایچ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے 2 لاکھ سے زاید خوراکوں پر مشتمل ایک کھیپ ڈریپ کو منظوری کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔ ڈریپ سے منظوری کے بعد یہ ویکسین شہریوں کو لگائی جائے گی۔