کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کی مرکزی اطلاعات سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے ٹوئٹر پر سندھ میں گیس بحران پر جاری کردہ وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کے اندر گیس کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے جو کہ وفاقی حکومت کا نہایت ہی افسوس ناک عمل ہے اور سندھ وہ صوبہ ہے جو پاکستان میں 60 سے 70 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، آئین پاکستان کے آرٹیکل 158 کے مطابق جس صوبے سے گیس کی پیداوار ہوگی پہلے اس کی ضرورت کو پورا کیا جائے گا۔ شازیہ مری نے کہا کہ ایک عرصے سے سندھ کے ساتھ گیس بحران کی زیادتی کی جارہی ہے اور سندھ کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس فراہم نہیں کی جارہی۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سمیت دیگر شہروں میں گیس کی قلت کا سامنا ہے اور گھریلو صارفین بھی پریشان ہیں ۔شازیہ مری نے کہا کہ اب تو حد یہ ہے کہ سوئی سدرن نے سندھ کی صنعتوں کو گیس فراہمی بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی حکومت کی یہ جو حرکت ہے وہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے،وفاقی حکومت یہ نہ سمجھے کہ سندھ کے ساتھ زیادتی کرنے سے فیڈریشن مضبوط ہوگی بلکہ اس سے وفاق کمزور ہوگا،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین کے آرٹیکل 158 کے مطابق سندھ کو گیس فراہم کی جائے۔