لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بنوں میں جانی خیل قبیلے کے مزید 5 افراد کی ہلاکت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیاہے کہ عوام کے ساتھ ظلم بند کیا جائے اور مظاہرین کو فوری انصاف دیا جائے ۔منصورہ
سے جاری ایک بیان میں امیر جماعت نے کہاکہ بدھ کو سیکورٹی فورسز نے انصاف کے حصول کے لیے مظاہرہ کرنے والے افراد پر لاٹھی چارج کیا ۔ جانی خیل قبیلے کے افراد4 میتوں کو اٹھاکر جن میں قبیلے کے سردار کی میت بھی شامل ہے ، اسلام آباد کی جانب مارچ کر رہے تھے کہ سیکورٹی فورسز نے ان کا راستہ روکا ۔ انہوں نے کہاکہ جانی خیل قبیلہ گزشتہ2 ہفتے سے اپنے 4 افراد کی میتیں رکھ کر سراپا احتجاج ہے ۔ خیبر پختونخوا حکومت نے ان کے ساتھ معاہدہ کیا مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوا ۔ احتجاج کا آغاز2 ہفتے قبل قبیلے کے 3 نوجوانوں کی ہلاکت پر ہوا ، بعد میں ان کا سردار بھی قتل کردیا گیا۔سراج الحق نے کہاکہ ملک میں دہشت اور خوف کا راج ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بنوں کے لوگ وزیراعظم پاکستان سے انصاف کی بھیک مانگنے کے لیے اسلام آباد آرہے تھے کہ سیکورٹی فورسز سے تصادم میں ان کے مزید5 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ انہوںنے اس اندوہناک واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔