کراچی : پاک سرزمین پارٹی ( پی ایس پی ) کے چیئرمین مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ غیر قانونی بلڈنگ گرانے کے بجائے سندھ حکومت کو گرائے، ساری برائی ختم ہوجائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہاکہ سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو بدترین حکومت قرار دیاہے،وفاق نے 13سال میں سندھ حکومت کو 10ہزار 442ارب رپے دیے لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی کو ایک قطرہ پانی نہیں دیا۔
چیئر مین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے کراچی کا پانی کم ہونے پر ایک لفظ نہیں بولا، کراچی جو پورے ملک کو چلاتاہے، 70فیصد ریونیو دینے کے بعد بھی شہرقائد میں ٹرانسپورٹ سسٹم دنیا کا بدترین نظام ہے،وفاق نے کرپشن کرپشن کا نعرہ لگا کر کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ نسلہ ٹاور کو گرانے کا تو حکم دیا لیکن بلڈرز کو سزا نہیں دی جارہی ،اصل مجرم کو کوئی سزا نہیں دے رہا ،آج بھی نئی بلڈنگز کے نقشے پاس ہورہے ہیں،الہ دین پارک کے دکان داروں کو بھی متبادل جگہ فراہم کی جائے۔