ویانا (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافائیل گروسی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے پیش رفت تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر آسٹریا میں سعودی سفیر شہزادہ عبداللہ خالد بن سلطان بھی موجود تھے،جو آسٹریا میں بین الاقوامی تنظیموں کے لیے سعودی عرب کے مستقل مندوب بھی ہیں۔ بات چیت کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے ایران کی تمام جوہری تنصیبات کی تفتیش کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ ایران میں نئے صدر کے انتخاب کے بعد ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے ویانا میں جاری بات چیت میں تعطل آگیا ہے، تاہم مذاکرات کار آیندہ ماہ مذاکرات کی میز پر واپسی کے منتظر ہیں۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے نمایندے جوزف بوریل نے اپنے بیان میں کہا کہ جوہری معاہدے کو پھر سے فعال کرنے کے لیے ویانا میں جاری مذاکرات ایک مشکل دور میں ہیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ایران میں قیادت کی تبدیلی اور ابراہیم رئیسی کا بطور صدر انتخاب کسی سمجھوتے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالے گا۔