فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ضلعی ذمے داران، ارکان شوریٰ، زونل ناظمات، برادر تنظیمات اور اجتماع ارکان کی خواتین شرکا سے قرآن انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دین کی دعوت عام کرنا ہمارا فرض ہے۔ اس کے لیے گھروں پر دستک، دراصل دِلوں پر دستک ہے۔ خواتین بڑی تعداد میں خواتین سے رابطے میں رہیں۔ ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کریں اوربلدیاتی الیکشن میں قیادت کی تبدیلی کے لیے تیار کریں۔ اسلام نے عورت کو وراثت اور حق مہر کا حق دیا۔ اسلام نے عورت کو تعلیم کا بنیادی حق دیا۔ عورت کے سر پر دوپٹہ اور چادر عزت کا تاج ہے۔ آپ پاکستان کے ساتھ ساری انسانیت کی نمائندگی کررہی ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کی ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماںبٹ نے بھی خطاب کیاجبکہ صدر جے آئی یوتھ فریحہ کاشف، نگراں حرم فورم رخشندہ آصف، نگراں میڈیاسیل نصرالاسلام، نگراںن شعبہ اطفال شائستہ عمر بھی موجودتھیں۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں تو خواتین کیا مرد بھی پریشان ہیں۔ جو مرد اپنی بہن کو وراثت میں حق نہ دے، الیکشن کمیشن اس کو الیکشن نہ لڑنے دے۔ جماعت اسلامی میں خواتین کو اہم مقام حاصل ہے۔ خواتین جماعت اسلامی کے فیصلہ ساز فورمز میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔