راجہ پرویز اشرف نے طلبہ کے احتجاج کی حمایت کردی

106

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے امتحان مخالف طلبہ و طالبات کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے مسئلے کے حل کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کردیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہاہے کہ تیل اور گیس نکالنے والی کمپنیاں دیہی آبادیوں میں پانی کو زہریلا کررہی ہیں۔ جی ٹی روڈ پر 60 کلو میٹر طویل کچرا کنڈی بنائی جارہی ہے۔ کہاں ہیں وزیر موسمیاتی تبدیلی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں راولپنڈی کے فاطمہ جناح یونیورسٹی کی طالبات سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں ان کے احتجاج کی حمایت کرتا ہوں ملک بھر میں جہاں بھی امتحانات کے حوالے طلبہ و طالبات احتجاج کررہے ہیں ان کی بات سنیں۔ کیونکہ ان کی کلاسز نہیں ہوئیں۔ کئی علاقوں میں تو آن لائن تعلیم بھی نہ مل سکی۔ اب احتجاج ہورہا ہے اس معاملے کے حل کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔