ڈی آئی جی لاڑکانہ کا کچے میں آپریشن کا جائزہ ،راستے سیل

193

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ نے شکارپو رکے کچے کے جنگلات میں مسلح ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن کا جائزہ لیا اور گڑھی تیغو بیس کیمپ کا دورہ کیا۔ اس دوران ایس ایس پی ضلع شکارپور اور ایس ایس پی کندھکوٹ نے ڈی آئی جی لاڑکانہ کو آپریشن کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔ بعدازاں ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ نے صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کچے کے اطراف میں پولیس چوکیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ شکارپور اور گھوٹکی کو ملانے والے تمام راستے سیل کرکے پولیس چیک پوائنٹس بناکر زیادہ سے زیادہ پولیس نفری تعینات کرکے پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ڈبل چادروں والی تین نئی بلٹ پروف بکتر بند گاڑیاں بھی ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کا حصہ ہیں، جن پر طیارہ شکن بندوقیں اور بھاری اسلحہ راکٹ وغیرہ اثر نہیں کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کیخلاف اسمارٹ انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا جارہا ہے، کچے میں مسلح ڈاکوؤں کے درجنوں ٹھکانوں کو آگ لگا کر تباہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگامی بنیادوں پر کراچی سے دو سو سے زائد پولیس کمانڈوز کو بھی طلب کرلیاگیا ہے جو تین سو سے زائد پولیس اہلکاران کے ہمراہ گھر گھر تلاشی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں انہوںنے بتایاکہ پولیس ڈرون کیمرے بھی استعمال کررہی ہے تاکہ جن کے ذریعے ڈاکوؤں کی نقل و حرکت کی نگرانی کی جاسکے ڈی آئی جی مظہر نواز نے مزید بتایاکہ جگہ جگہ پولیس چوکیاں اور بیس کیمپ قائم کرنے کا مقصد رسد کو معطل کرنا ہے اور دوسرا یہاں سے کوئی نکل نہ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران راستے میں جنگلات اور جھاڑیوں کی صورت میں پولیس کو بہت ساری رکاوٹیں پیش آرہی ہیں جنہیں بھی ختم کیا جارہاہے جبکہ شکارپور کے کچے کے ساتھ جو کچے کا علاقہ ہے اس کی بھی نگرانی کی جارہی ہے اور اس کے علاوہ ڈاکوؤں کے سفید پوش معاونوں پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ شہید پولیس اہلکاران کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی کرمنلز کو ہر صورت اپنے منطقی انجام تک پہنچاکر کچے کے تمام علاقوں کو خالی کراکر قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ شکارپور اور کشمور کے اضلاع کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف ایک جامع اور بھرپور کلین اپ آپریشن کو آخری انجام تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاران کی بہت حوصلہ افزائی کی۔