لاہور(سید وزیر علی قادری)ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام آن لائن ایجوکیشن ورکشاپس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے رواں ماہ 16کوچز، 7ایمپائرز اور 9ٹیکنیکل آفیشلزمختلف کورسز میں شرکت کررہے ہیں۔ کھلاڑ یو ں کے ساتھ ساتھ کوچز، ایمپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کی استعداد اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ان کورسز میں پی ایچ ایف کی جانب سے کوچز امپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کی نامزدگیاں کی گئیں۔ ایشین ہاکی فیڈریشن کورسز میں پی ایچ ایف کی جانب سے 4 خو اتین کوچز، ایک خاتون امپائر اور 3 خواتین ٹیکنیکل آفیشلز کو بھی نامزد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کوچنگ اسٹاف، امپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کی استعداد اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام آن لائن ایجوکیشن ورکشاپس میں رواں ماہ میں 32 کوچز، امپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز شرکت کررہے ہیں۔ رواں ماہ میں کوچنگ ورکشاپس میں سات اولمپینز بھی شریک ہیں جن میں ہیڈ کوچ قومی جونیئر ہاکی ٹیم اولمپین دانش کلیم، اولمپین سمیر حسین، اولمپین ذیشان اشرف، اولمپین کاشف جواد، اولمپین محمد ثقلین، اولمپین محمد وقاص اولمپین ریحان بٹ شامل ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے رواں ماہ میں کوچنگ ورکشاپس میں ہیڈ کوچ قومی جونیئر ہاکی ٹیم اولمپین دانش کلیم، قومی ہاکی کوچز اجمل خان لودھی انٹرنیشنل، رانا ظہیر احمد بابر، اولمپین سمیر حسین،مدثر علی خان انٹرنیشنل،اولمپین محمد وقاص، معین عالم، علی ازلان خان، اولمپین کاشف جواد، اولمپین محمد ثقلین، اولمپین ذیشان اشرف، اولمپین ریحان بٹ ودیگر شامل ہیں۔