پنجاب اسپورٹس بورڈ کا انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کرانے کا اعلان

243

 

لاہور (جسارت نیوز)ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے ہاکی کی بحالی اورفروغ کے لیے بڑا اعلان کیا ہے، نیاٹیلنٹ تلاش کرنے اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے انڈر16، انڈر 18 اور انڈر 21انٹر ڈویژن بوائز ہاکی چیمپئن شپ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے،تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی زیرصدارت پیر کے روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ، اولمپیئن انجم سعید، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر اسپورٹس محمد عبدالحفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر رئوف باجوہ شریک تھے، اجلاس میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور ترقی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ اور ترقی کے لیے ہمیشہ اقدامات کرتا رہا ہے جس کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اس کی بحالی کیلیے ہر حد تک جائیں گے اور تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، اس سلسلہ میں مختلف کیٹیگریز کی انٹر ڈویژن ہاکی چیمپیئن شپ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اگست میں انڈر16، 25 دسمبر سے انڈر 18 اور 23 مارچ 2022ء کو انڈر 21 انٹر ڈویژن بوائز ہاکی چمپئن شپ کرائی جائیں گی، ان چیمپئن شپس کو سالانہ کیلنڈر کا حصہ بنا یاجا رہا ہے اور ہرسال باقاعدگی سے کرایا جائے گا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہاکہ اگست میں ہونے والی انڈر16بوائز ہاکی چیمپئن شپ کے لئے ہر ضلع کے ہاکی کے کلبوں کے مقابلے کرائیں گے اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا انتخاب کیا جائیگا، مقابلوں میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تصدیق شدہ کلب حصہ لے سکیں گے، 20 جولائی تک ہر ڈسٹرکٹ پر ڈویژن کی ٹیمیں باقاعدہ مقابلے کراکر بنائی جائیں گی، منتخب ٹیموں کا کیمپ ہر ڈویژن میں ایک ہفتے کیلیے لگایا جائیگا، پاکستان ہاکی فیڈریشن چیمپن شپ کے انعقاد میں تعاون کریگی،سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنا ن ارشد اولکھ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب ان کی قیادت میں ہاکی کی بحالی کے لیے بہترین اقدامات کررہا ہے جس سے ہاکی کے کھیل کو ایک بار پھر مقبول بنانے میں مدد ملے گی، پاکستان ہاکی فیڈریشن اسپورٹس بورڈ پنجاب سے مکمل تعاون کرے گا، اسپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ کیلیے بھرپوراقدامات کررہاہے۔