غیر سنجیدہ حکمران ملک کو ٹھیک نہیں کرسکتے، سراج الحق

246

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ اداروں سے کرپشن ختم کرنے اور گورننس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،غیر سنجیدہ حکمرانوں سے توقع نہیں کہ ملک کو ٹھیک اور عوام کے دکھوں کا مداوا کر سکتے ہیں۔

منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ  اسلامیان پاکستان اسلامی نظام چاہتے ہیں، بڑی سیاسی جماعتیں خود الیکشن ریفارمز نہیں چاہتیں کیونکہ اگر انتخابات میں زر اور زور کا کلچر ختم ہوگیا تو ان کی بادشاہت بھی ختم ہو جائے گی ۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس اب تبدیلی لانے کا وقت ہے نہ استطاعت ، ایک وزیر کہتے ہیں مہنگائی کا انڈکس صرف 13 فیصد ہے ، دوسرے موصوف کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی نہیں ہوگی تو ملک نہیں چل سکتا ۔

سراج الحق نے مزید کہاکہ مہنگائی کے مارے غریب لوگ چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ خدا را آپ گھر جانے پر فوکس کریں ، عام آدمی کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ شہر کا تاجر طبقہ سب سے زیادہ مسائل کا شکار ہے ، ملک میں وسائل کی نہ پہلے کمی تھی ، نہ اب ہے اگر کمی ہے تو حکمرانوں کی نیت کے صاف ہونے کی ہے ۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ انصاف اور قانون کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے عام آدمی کی پریشانیوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہاہے ، جماعت اسلامی قوم کو اس دلدل سے نکالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ۔