دادو (نمائندہ جسارت) ضلع بھر میں بے امنی کا راج، شہریوں کی زندگیاں مفلوج ہوکر رہ گئیں، پی ٹی آئی دادو کا ایس ایس پی دادو ہٹاؤ دادو بچاؤ تحریک چلانے کا اعلان۔ دادو پاکستان تحریک انصاف ضلع صدر سردار عاشق علی زوئونر، ضلع جنرل سیکرٹری نیاز برڑو نے ایڈووکیٹ شعبان ملاح اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ دادو پریس کلب پہنچ کر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی دادو تھانوں سے منتھلی وصول کرنے میں مصروف ہیں، ہزاروں کی تعداد میں نفری ہونے کے باوجود چند سو پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ رہنماؤں نے ایس ایس پی دادو اعجاز احمد شیخ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 90 فیصد اہلکار اور افسر ویزا پر بھیج دیے ہیں، ضلع میں ہر طرف بے امنی کا راج ہے۔ ایس ایس پی دادو پیپلز پارٹی کی کمداری کرنے میں مگن ہے، آئے روز چوری، ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔ عوام کے جان و مال غیر محفوظ بن چکے ہیں۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہم پورے ضلع میں ایس ایس پی ہٹاؤ دادو بچاؤ تحریک کا آغاز کررہے ہیں، ضلع کی چاروں تحصیل میں احتجاجی مظاہرے کرنے بعد آنے والے پیر کے دن ایس ایس پی چوک دادو پر دھرنا دیا جائے گا۔ دھرنے کے بعد بھی اگر ایس ایس پی دادو کا نہیں ہٹایا گیا تو پھر ایس ایس پی آفس کا گھیراؤ کریں گے۔