کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سال گزریں یا صدیاں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی طویل جدوجہد، عظیم قربانی اور انسان دوست فلسفہ لازوال ہیں، جن کی بدولت پاکستانی عوام کی حتمی فتح اب قریب ہے۔ اسلامی دنیا کی پہلی منتخب وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 68 ویں یومِ ولادت کے موقعے پر ایک بیان میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ آج جب پاکستان میں گورننس ڈی ریل ہے، ادارے یرغمال اور عوام سفاک کارٹیلز کے رحم و کرم پر ہیں، ایسے میں ہر محب وطن پاکستانی کا دختر مشرق کے عوام دوست ویژن کی کمی محسوس کرنا فطری ردعمل ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایک تحریک کا نام ہے اور عوامی تحریکیں تاریخ کی مائیں ہوتی ہیں، نئے ادوار کو جنم دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور سیاسی رہنما شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوامی سطح پر جمہوری سوچ کو پروان چڑھایا تو دوسری جانب ایک منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے آئین و پارلیمان کی بالادستی کے لیے ہم آہنگی پیدا کی، عوام دوست طرز حکمرانی کے لیے ادارے قائم کیے اور تعلیم ،صحت اور روزگار کے مواقعے جیسی بنیادی حقوق تک پسماندہ طبقات کی رسائی کو یقینی بنایا۔خواتین، بچوں، اقلیتوں اور مزدوروں کی فلاح و بھبود کے لیے قانون سازی کی اور گیم چینجر پروگرامز متعارف کرائے،حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں،شہید بینظیر نے سب سے بڑھ کر ہمیشہ عوام کو امید دی۔