حکومت کے الیکشن سے متعلق قوانین قبول نہیں، سراج الحق

492

لاہور: سراج الحق کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے الیکشن سے متعلق بنائے گئے قوانین ناقابل قبول ہیں، اپوزیشن اور حکومت مشترکہ طور پر شفاف الیکشن کا لائحہ عمل بنائیں۔

فیصل آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے علما و مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی کا ایجنڈا عالمی مالیاتی اداروں کا ایجنڈا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط پر بنایا گیا بجٹ پیش کیا گیا، موجودہ حکومت نے عوام کو دھوکا دیا، کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ احتساب کے نام پر ڈرامہ کیا جو انتقام میں بدل چکا ہے، یہ کیسا احتساب ہے جو حکومت میں ہے ان کا احتساب نہیں ہوتا، اپوزیشن کو دبانے کے لیے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے، نیب کو چینی، ادویات اور آٹے کے اسکینڈل پر بھی نوٹس لینا چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت امریکا سے ہونے والے معاہدے قومی اسمبلی میں پیش کرے، مسلمانوں کو تقسیم کر کے نشانہ بنایا جا رہا ہے، ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، علما کرام کو کرداد ادا کرنا ہوگا۔