ویکسین کی عدم دستیابی مجرمانہ غفلت ہے، مریم اورنگزیب

288

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ملک بھر میں ویکسین کی عدم دستیابی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پمز سمیت ملک بھر کے بڑے ویکسین مراکزمیں کورونا ویکسین کی عدم دستیابی مجرمانہ غفلت ہے ۔ انہوں نے عمران خان کو توجہ دلاو نوٹس دیتے ہوے سوال کیا کہ اہداف کا واضح تعین کیوں نہیں کیاگیا؟ پیشگی ویکسین کی فراہمی کا بندوبست کیوں نہیں کیاگیا؟ انہوں نے کہا عمران صاحب بتائیں کہ وقت پر ویکسین کیوں نہیں منگوائی ، فراہمی میں تعطل کیوں آرہا ہے؟۔ انہوں نے کہا عمران صاحب شہبازشریف کو ایف آئی اے کاسیاسی انتقام پر مبنی نوٹس بھجوانے سے کیاعوام کو کورونا ویکسین مل جائے گی۔ انہوں نے کہا عمران صاحب آج تک صوبوں کے ساتھ مل کر کورونا سے متعلق قومی حکمت عملی نہیں بناسکے ۔ انہوں نے کہا ویکسین کی فراہمی کے حساس اور عوام کی زندگیوں کے معاملے پر بھی عمران صاحب انا، تکبر اور سیاسی انتقام میں مبتلا ہیں ۔ انہوں نے کہا جو شخص کوروناوبا اورویکسین پر صوبوں کے ساتھ مل کر نہیں بیٹھ سکتا، وہ ملک کونااہلی کے سوا کیا دے سکتا ہے ؟