نوابشاہ ،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی،کئی گوداموں پر چھاپے

90

نواب شاہ(سٹی رپورٹر) مصنوعی قلت پیدا کر کے اشیا خورونوش کی قیمتوں میں من مانے اضافے کی خاطر ذخیرہ کرنے والوں کی نوابشاہ میں شامت آگئی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائس کنٹرول علی گل لاکھیر نے اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ شہر و مضافات میں قائم گوداموں پر چھاپے مار کر ذخیرہ اندوزوں کی سازش کو ناکام بنا دیا۔ اس دوران انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بھر پور کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مختلف مقامات پر درجنوں گوداموں کو سیل بند کرتے ہوئے مالکان پر جرمانے عائد کیے۔ اس موقع پر علی گل لاکھیر نے کہا کہ ذخیرہ اندوز کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ذخیرہ اندوزی کر کے عوام کیخلاف براہ راست سازش کی جاتی ہے غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے ۔انہوں نے ضلع بھر میں قائم گودام مالکان و ہول سیلز کو انتباہ کیا کہ وہ اپنے گوداموں کی محکمے سے رجسٹریشن کروائیں جبکہ مقرر کردہ رجسٹرڈ گوداموں کے سوائے جہاں کہیں بھی کوئی چیز ذخیرہ کی جائے گی وہ نہ صرف غیر قانونی ہوگی بلکہ ایسے لوگوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔