اسلام آباد (این این آئی) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے، موجودہ حکومت انہیں قومی دھارے میں لانے کے لیے کوشاں ہے، پاکستان کی ترقی کے لیے خواتین کو ملکی معیشت میں شامل کرنا ناگزیر ہے، حالیہ بجٹ میں خواتین کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے کئی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، خواتین کو کاروبار بڑھانے کے لیے ترجیحی طور پر قرضے دیے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد خواتین چیمبرز آف کامرس کی صدر ثمینہ فضیل کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران خواتین کو اسلام آباد میں کاروباری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ خواتین پاکستان کی نصف آبادی ہیں۔ انہیں قومی دھارے میں لانے کے لیے پالیسیاں بنائی ہیں، دارالحکومت میں خواتین کیلیے کاروباری وسائل بڑھانے کیلیے بھی اقدامات جاری ہیں، اسلام آباد میں خواتین کیلیے مخصوص مارکیٹ قائم کررہے ہیں، دکان کی مالکان صرف خواتین ہوں گی، ایسی خواتین کو ترجیح دیں گے جن کے پاس کاروباری وسائل محدود ہیں، خواتین چیمبر آف کامرس کو خواتین مارکیٹ میں شراکت داری دیں گے۔ نادرا اور پاسپورٹ بنانے کے سینٹرز میں خواتین کے لیے علیحدہ ڈیسک بنائیں گے۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے وفد نے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ وفد کی نمائندگی اسلام آباد خواتین چیمبرز کی صدر ثمینہ فضیل نے کی۔