اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ نواز شریف 3 بار وزیراعظم رہے پاکستان واپس آئیں، شہباز شریف ضمانتی تھے وہ نواز شریف کو واپس آنے کا کہتے، ن لیگ 3 بار وفاق میں حکومت کرنے کے بعد ایک اسپتال اپنے علاج کیلئے بنا لیتی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر حقائق کے برعکس تھی، ن لیگ کے آخری سال میں زرمبادلہ ذخائر تیزی سے کم ہو رہے تھے، اقتدار سنبھالا تو زرمبادلہ ذخائر 2 ہفتے کے رہ گئے تھے، ایسے موقعے پر وزیراعظم عمران خان نے مشکل فیصلے کیے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ حکومت کی تباہی کی داستانوں کو ٹھیک کیا،شہباز شریف نے ایل این جی پلانٹ پر بڑی بات کی، یہ بتائیں کہ اگر اتنے سستے پلانٹ تھے تو ان کو قانون میں ترامیم کیوں کرنا پڑیں؟
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کہتے ہیں اگر ہمیں خیبرپختونخوا دیا ہوتا تو تقدیر بدل دیتے، پختونخواہ کے عوام کو کارکردگی پسند نہ آئے تو باہر کر دیتے ہیں، ن لیگ کو کے پی کے میں موقع ملا لیکن کچھ نہ کیا ۔
اسد عمرکا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 40 سال کا حساب دیا، جس پرورلڈ اکنامک فورم نے کہا پاکستان کے اقدامات سے دنیا کو سیکھنا چاہیے، کورونا کے خاتمےکے لیے بل گیٹس نے پاکستان رول ماڈل کے طور پر پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ اپوزیشن لیڈر لنگرخانوں میں جاکر دیکھیں غریبوں کو عزت دی جاتی ہے، ریاست مدینہ نے ہی پہلی بار غریب کی ذمہ داری اٹھائی ہے، عمران خان جیسی عوامی خدمت کسی اور لیڈر نے نہیں کی۔