سکھر( نمائندہ جسارت ) عدالتی احکامات کے باوجود سکھرمیں چند گھنٹوں میں کتے کے کاٹنے کے متعدد واقعات، 16 سے زائد افراد کو آوارہ کتوں نے کاٹ کھایا ،زخمی افراد سول اسپتال منتقل،شہریوں میں خوف کی فضا پھیل گئی ،بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کی جانب سے آوارہ کتوں کے خلاف مؤثر کارروائی کے واضح احکامات کے باوجود کتوں کے کاٹنے ، سگ گزیدگی کے واقعات میں کمی نہیں آسکی ہے۔ سکھر میں انتظامیہ کی عدم توجہی اور کتا مار مہم شروع نہ کیے جانے پر سکھر میں چند گھنٹوں کے دوران سکھر کے مختلف علاقوں بندر روڈ، ٹکر محلہ، نیم کی چاڑیاورمنارہ روڈ و دیگر علاقوں میں سگ گزیدگی کے واقعات پیش آئے اور سولہ سے زائد افراد افراد جن میں پچیس سالہ رضوان حاجن ،ساٹھ سالہ دلبر علی اسد ،عبدالرشید ، خالد ، اشوک کمار ، ممتاز حسین سومرو ، معز، وسیم ،حسناور خرم شامل ہیں۔ سگ گزیدگی کے واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال سکھرطبی علاج کیلیے لایا گیا جنہیں اینٹی ریبیز ویکسین بھی لگائی گئی ہے ۔ سکھر میں سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافے کے بعد شہریوں میں خوف کی فضا پھیل گئی ہے اور سکھر کے شہری ،سماجی حلقوں نے حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔