نمرہ عقیل اورکومل خان ویمن اسکواش چمپئن شپ کے فائنل میں داخل

174

پشاور(جسارت نیوز) خیبرپختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پشاورا سپورٹس کمپلیکس میں جاری خیبرپختونخوا ویمن اسکواش چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں نمرہ عقیل اور کومل خان نے کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا‘ چمپئن شپ میں ٹاپ 32 کھلاڑیوں شرکت کررہی ہیں ،گزشتہ روز سابق ورلڈ چمپئن‘پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور صوبائی اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر قمرزمان ‘محب اللہ خان سینئر اور سابق عالمی چمپئن جان شیر خان نے بھی سیمی فائنل دیکھے‘ ان کے ہمراہ صوبائی اسکواش ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبر سجاد خلیل ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر تحسین اﷲ خان، چیف کوچ شفقت اﷲ ، سینئر کوچ‘چیف آرگنائزر و میچ ریفری منور زمان‘شیر بہادر‘ اور وزیر خان سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، قمرزمان اسکواش کمپلیکس قیوم اسپورٹس اسٹیڈیم میں خیبرپختونخوا ویمن اسکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل مقابلوں میں نمرہ عقیل نے حراء عقیل کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7-11 ‘4-11‘9-11 ‘11-9 اور11-9 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔