اسلام آباد سوات پشاور (اسٹاف رپورٹر نمائندگان) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، سوات، مینگورہ، پشاور اور مردان سمیت بالائی علاقوں میں تیز آندھی اور بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش برسی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ اُدھر مینگورہ شہر سمیت ضلع سوات کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ،کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ کر موسم خوشگوار ہوگیا۔ علاقے میں موجودسیاحوں کی بڑی تعداد بھی خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے لگی۔ شدید ترین گرمی کے بعد خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش نے شہریوں کو خوش کردیا۔ صوبے کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ دیرلوئر خال اور مضافات میں تیز ہواو¿ں اور گرج چمک ساتھ بارش ہوئی۔ہری پورشہراورگردونواح میں تیز ہواﺅں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو ا۔ ضلع مردان میں ژالہ باری،بارشوں اور آندھی نے تباہی مچا دی۔ فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ تخت بھائی سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات شدید ژالہ باری، آندھی اور طوفان کے باعث درخت جڑ سے اکھڑ گئے جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا اور کسانوں کی نقد آور فصلیں تباہ ہوگئیں۔