افغان قیادت مل بیٹھ کر اپنے مسائل حل کرے‘ شاہ محمود

110

اسلام آباد ( آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیںدے گا، عمران خان کو ایوان میں بولنے کا حق نہیں تو قائد حزب اختلاف کو بھی نہیں۔ انہوں نے افغان امن عمل، خطے کی صورتحال اور ملکی سیاست میں اپوزیشن کے رویے پر ایک بیان میں کہا کہ افغان امن عمل ایک انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، افغانستان کے نائب صدر اور نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر کے بیانات سلجھاؤ کے بجائے الجھاؤ کا باعث تھے، افغان قیادت مل بیٹھ کر اپنے مسائل حل کرے، ایک دوسرے کے لیے گنجائش پیدا کرے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا مشترکہ عزم، اس خطے کا امن و استحکام ہے۔ بجٹ سے متعلق شاہ محمودنے کہا کہ اپوزیشن مہذب طریقے سے اظہار رائے کرے، ایوان میں اپوزیشن اراکین لوگوں کو مشتعل نہ کریں، تمام اراکین کو بجٹ پر بات کرنے کا حق ہے، جو تنقید کرنی ہے ضرور کریں، اپنی بات کریں اور حکومتی مؤقف نہ سنیں، یہ مناسب نہیں، یکطرفہ ٹریفک نہیں چلے گی۔