عمران خان نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگاکر ظالم بادشاہ کی سلطنت بنالی،بلاول

323

کراچی(اسٹاف رپورٹر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ریاستِ مدینہ کا نعرہ لگاکر عمران خان نے ماضی کے ظالم بادشاہوں کی طرح سلطنت قائم کرلی۔ بجٹ میں عوام کی جیبوں سے پیسانکال کر مخصوص سرمایہ داروں کو ایمنسٹی دی گئی ہے۔اپنے ایک بیان میں بلاول زرداری نے تنخواہ دار طبقے پر 150 ارب روپے کا انکم ٹیکس لگانے کے آئی ایم ایف کے مطالبے کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ 22-2021 ایک ایسی دستاویز ہے کہ جس میں عوام کی جیبوں سے پیسا نکال کر مخصوص سرمایہ داروں کو ایمنسٹی دی گئی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت نے سب سے زیادہ ٹیکس لگا کر عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکا مارنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے، عام آدمی کی معاشی کمر توڑنے کے لیے عمران خان کی حکومت نے پنشن اور پروویڈنٹ فنڈز تک پر 10 فیصد ٹیکس لگانے کی تیاری کرلی، پی ٹی آئی حکومت اخباری صنعت سے وابستہ افراد کے سفری الاؤنسز تک پر ٹیکس لگارہی ہے۔بلاول زرداری نے کہا کہ ریاستِ مدینہ کا نعرہ لگاکر عمران خان نے ماضی کے ظالم بادشاہوں کی طرح سلطنت قائم کرلی ، جہاں وہ ناقابل برداشت ٹیکسوں سے عوام کا خون نچوڑ کر اشرافیہ کی عیش پرستی کا سامان پیدا کررہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کے عوام دشمن اقدامات کی بدولت ہوٹل ملازمین کو اب دوران ملازمت ٹیکس فری کھانا نہیں ملے گا، پی ٹی آئی حکومت نے ایسا وار کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے ملازمین اب اپنے بچوں کو رعایتی یا مفت تعلیم دلانے سے قاصر رہیں گے، تنخواہ دار طبقے کے میڈیکل الاؤنسز کے خاتمے کی کوششیں عوام دشمنی کی انتہا ہے، ٹیکس استثنا ختم ہونے کے بعد اسپتال اپنے ملازمین تک کو مفت یا رعایتی علاج فراہم نہیں کرسکیں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ کی طرف سے سانحہ گھوٹکی اور خضدار کے متاثرین کی مالی مدد کا اعلا ن کیا گیاہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر گھوٹکی ریلوے حادثے کے جاں بحق افرادکے لوا حقین کو فی کس پانچ لاکھ روپے دیے جائیں گے جبکہ زخمیوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے مالی مدد دی جائیگی۔سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے خضدارمیں سندھ کے شہری حادثے کاشکارہوئے پران کی کسی نے مالی مدد نہیں کی لہذا سندھ حکو مت کی جا نب سے خضدارسانحے کے جاں بحق افراد کے لوا حقین کو فی کس پانچ لاکھ اور زخمیوں کوایک ایک لاکھ رو پے دیے جائیں گے۔سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول زرداری کو عوام کی پریشانیوں کااحساس ہے،احساس پروگرام کاراگ الاپنے والے حادثاتی اموات میں بھی متاثرخاندانوں کی مدد نہیں کرتے۔