راولپنڈی: آرمی چیف کی سربراہی میں 2روزہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں میں کور کمانڈرز ، پرنسپل اسٹاف افسران اور فارمیشن کمانڈوز نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق کانفرنس کے شرکا کو ملکی سیکیورٹی صورتحال سمیت قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بھی بریفنگ دی گئی ، خطے کی موجودہ صورتحال پر غورکرتے ہوئے شرکا کو چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں دنیا میں مختلف افواج کے زیر استعمال جدید ترین ملٹری ٹیکنالوجی پربھی بریفنگ دی گئی ، شرکا نے پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی غور کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے قبائلیوں کو خراج تحسین پیش کیا اورخیبر پختونخواہ کے نئے اضلاع اور بلوچستان میں ترقیاتی سرگرمیوں پر بھی گفتگو کی۔
آرمی چیف نے ملک میں استحکام کے لیے آپریشنز پر اور آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک افغان سرحد ،ورکنگ بانڈری اور کنٹرول لائن ( ایل او سی) پر بہترین آپریشنل تیاریاں رکھی جائیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف کو افغان امن عمل میں پاکستان کی حمایت اور سرحدی پر سیکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا گیا،فارمیشن کمانڈرزنے مشرقی سرحد اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا،شرکانے سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق کی حمایت کوسراہا۔
آرمی چیف نے کورونا اورٹڈی دل کے خاتمے کیلیے فارمیشنز کے کردار کو سراہاتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملکی دفاع اور عوامی خدمت ہرصورت جاری رکھے گی،آرمی چیف نے کانفرنس کے اختتام پر کھیل اور تربیت میں بہترین کارکردگی پر منگلا اور ملتان کورز کو ٹرافیاں دیں۔