منی لانڈرنگ ،آصف زرداری اور مشتاق احمد ذاتی حیثیت میں طلب

285

اسلام آباد/لاہور (اے پی پی+آن لائن) احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت جعلی اکائونٹس اسکینڈل میں 8ارب کی مبینہ غیر قانونی ٹرانزیکشن کیس میں سابق صدر آصف علی زردای اور مشتاق احمدکو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت29 جون تک کے لیے ملتوی کردی گئی،آصف زرداری کو حاضری پر ریفرنس کی کاپی فراہم کی جائے گی،ریفرنس کی کاپی فراہم کرنے کے بعد آصف زرداری پر فرد جرم کی تاریخ مقرر کی جائے گی، ادھر اسی عدالت نے آصف زرداری کی طرف سے کلفٹن کراچی کا گھر منجمد کرنے سے متعلق2مارچ2020 کے عدالت فیصلہ کے خلاف درخواست پر بھی سماعت 29 جون تک کیلئے ملتوی کردی۔علاوہ ازیںلاہور کی احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کی پر سماعت کرتے ہوئے آئندہ سماعت 8 جولائی تک کے لیے ملتوی کردی۔ وکلاء نے شہباز شریف کی اسلام آباد میں بجٹ اجلاس میں مصروفیات کے باعث عدالت میں حاضری سے معافی کی درخواست پیش کی جسے عدالت نے منظور کر لیا حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔ جبکہ احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت بھی 8 جولائی تک ملتوی کردی۔ مزید برآںاحتساب عدالت کے ڈیوٹی جج محمد اعظم خان کی عدالت نے سندھ ٹریکٹر اسکیم میں مبینہ خوردبرد سے متعلق غلام سرور کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت21 جون تک کے لیے ملتوی کردی۔جبکہ اسی عدالت نے سابق چیئرپرسن فرزانہ راجا وغیرہ کے خلاف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ طور پر 540 ملین کی خردبرد ریفرنس میں شریک ملزم راجہ عبدالمناف کی بریت درخواست پر نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 5 جولائی تک کے لیے ملتوی کردی۔ادھراحتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان کی عدالت نے سابق چیئرمین سی ڈی اے فرخند اقبال کے خلاف پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت کی عدالت نے فرخند اقبال اور شریک ملزم لطیف عابد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5 جولائی تک ملتوی کر دی۔دریں اثنا احتساب عدالت نے شہبازشریف، سابق سیکرٹری عمل درآمد وزیر اعلیٰ پنجاب فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر 13 ملزمان کیخلاف آشیانہ ہائوسنگ اسکیم ریفرنس کیس کی سماعت بغیر کارروائی 8 جولائی تک ملتوی کردی۔ جبکہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہ کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا۔