بدقسمتی سے حکومت نے ڈکٹیٹڈ بجٹ پیش کیا، راجا پرویز اشرف

272

لاہور (نمائندہ جسارت) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بجٹ ملک کا آئینہ ہوتا ہے، بدقسمتی سے پی ٹی آئی کی حکومت نے ڈکٹیٹڈ بجٹ پیش کیا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ یہ کہتے تھے کہ مہنگائی بڑھے تو وزیر اعظم چور ہوتا ہے تو پھر آپ کیا کر رہے ہیں؟، کاشتکار، مزدور، چھوٹا دکاندار، ایکسپورٹر اور امپورٹر سب پریشان ہیں۔ مہنگائی آسمان پر پہنچ گئی، قوت خرید ختم ہو چکی ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہونے کے اثرات عام آدمی تک نہیں پہنچے، بڑی تعداد میں بیروزگاروں کی فوج تیار ہوچکی ہے، قرضے کئی گنا بڑھ رہے ہیں، حکمران ہر روز جھوٹ بولتے ہیں، لوڈ شیڈنگ کا آج تک خاتمہ نہیں ہو سکا مگر یونٹچ4 سے 28 روپے کا ہو چکا ہے، جھوٹ بولنے، لارے دینے اور وعدے کرنے سے ملک نہیں چلتے، حکومت عوام کو ڈلیور کرتی نظر نہیں آتی، سینٹرل پنجاب تنظیم کے سلسلے میں مشاورت جاری ہے، مضبوط مستحکم اور فعال تنظیم سازی کریں گے۔