ٹیکس اہداف کے حصول کے لیے عوام کا خون چوسا جائے گا، سراج الحق

349

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہناہے کہ ٹیکس اہداف کے حصول کے لیے عوام کا خون چوسا جائے گا، عوام پہلے ہی بھوک سے مر رہے ہیں، بجٹ کے نتیجہ میں ملک میں مہنگائی کا ایک اور طوفان آئے گا۔

سراج الحق نے کہاکہ ملکی معیشت عالمی اداروں کے پنجہ میں جکڑی ہوئی ہے، جبکہ نظریہ پر مغرب زدہ اذہان حملے کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کے تین سالوں میں لاقانونیت اور پولیس گردی میں اضافہ ہوا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 16 سالہ حسن خان کو پولیس حراست میں شہید کردیا گیا، بنوں میں لوگ تاج محمد وزیر کی میت رکھ کر کئی دنوں سے سراپااحتجاج ہیں مگر ان کو انصاف نہیں مل رہا، کے پی اور بلوچستان میں مزدوروں، بچوں اور عام شہریوں کو سر عام نشانہ بنایا جارہاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  تبدیلی بے نقاب ہو چکی، میرٹ کی پامالی میں موجودہ حکومت نے سابقہ ریکارڈ توڑ دیے، اپوزیشن کی دو جماعتیں اور پی ٹی آئی محض پوائنٹ اسکورنگ کے لیے میڈیا پر دنگل لڑ رہی ہیں، بائیس کروڑ عوام کا بے رحمی کے ساتھ استحصال ہورہا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت آٹے، چینی، گھی، دالیں سستی کرنے کی بجائے حقائق کے برعکس اعشاریے پیش کر رہی ہے،بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا یوٹرن بم تیار کیا جارہاہے۔