کوئٹہ،پانی کی ٹنکی کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے چار افراد جا ں بحق

170

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں پانی کی ٹنکی کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے تین بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کو کوئٹہ کے علاقے مری آباد کے محلہ عباسیہ میں پیش آیا جہاں مزدور ایک زیر تعمیر گھر کی ٹنکی کی صفائی کا کام کررہے تھے۔ قائد آباد پولیس تھانہ کے ڈیوٹی آفیسر جاوید احمد نے بتایا کہ ٹنکی گھر کے بیسمنٹ میں بنائی گئی تھی جس کی صفائی کیلیے پہلے دو بھائی 24 سالہ محمد شریف اور 22 سالہ محمد تقی اترے اور بے ہوش ہوگئے۔ تیسرا بھائی 32 سالہ محمد رحیم بچانے کیلیے ٹنکی میں اترا تو ان کا بھی دم گھٹ گیا۔انہوں نے بتایا کہ گھر میں رنگ کا کام کرنے والا چوتھا مزدور عابد علی ٹنکی میں اترا مگر وہ بھی حادثے کا شکار ہوگیا۔ چاروں افراد کو باہر نکالا گیا تو وہ دم توڑ چکے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ میں جنریٹر چل رہا تھا جس کا دھواں بیسمنٹ اور ٹنکی میں جمع ہوگیا تھا۔ چاروں افراد کی موت دھویں سے دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔