پشاور(این این آئی)واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان کی جانب سے ہفتہ صفائی مہم کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیک محمد و منیجر میونسپل سروسز خلیل اکبر کی قیادت میں کالج چوک سے لیکر عبدالولی خان یونیورسٹی مین کیمپس تک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کا رڈز اٹھا رکھے تھے جن پر’کلین اینڈ گرین مردان” لگائیں گے جان تو ہوگا صاف مردان ”اور آئیں مل کر مردان شہر کو صاف ستھرا شہر بنائیں ”کے نعرے درج تھے۔واک کے اختتام پر کالج چوک سے با ب مردان تک مردان نوشہرہ روڈ کے دونوں اطراف اور سڑک کو مکمل طور پر صاف کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیک محمد نے مردان شہر کی بہترین صفائی پر ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے حکام اور اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو انجینئر امیر خان کی قیادت میں کمپنی اسٹاف بہترین خدمات انجام دے رہا ہے جس کی وجہ سے مردان شہر کی صفائی میں کافی بہتری آئی ہے۔شہر یوں کو بھی کمپنی کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے تاکہ مردان شہر کو ایک ماڈل شہربنایا جاسکے۔منیجر میونسپل سروسز خلیل اکبر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہر کی چودہ یونین کونسلوں سے روزانہ کی بنیاد پر160ٹن کچرا اکٹھا کیا جارہے ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر نالیوں کی صفائی بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہفتہ صفائی مہم کے دوران شہر کے بڑے بڑے چوراہوں کو مکمل طور پر صاف کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ سڑکوں کو دھویا بھی جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے سینیٹشن اسٹاف نے شہر کے مختلف مقامات پر بنائے گئے انتظار گاہوں کو بھی صاف کر دیا ہے تاکہ شہری گاڑیوں کے انتظار میں گرمی کی تپش سے بچ سکیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ منیجر کسٹمر ریلیشنز راحت اللہ،اسسٹنٹ منیجر ویسٹ واٹر مینجمنٹ اکرام اللہ،چیف سینٹری انسپکٹر ساجد خان،سینٹری انسپکٹر عبد الحکم اور دیگر نے عملہ صفائی کے ساتھ مل کر شہر کی صفائی میں حصہ لیا اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔واک کے اختتام پر کمپنی کے منیجر میونسپل سروسز خلیل اکبر نے جاری صفائی آپریشن کا جائزہ بھی لیا اور ورکرز کو داد دی۔اس موقع پر باران رحمت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اور شہریوں میں شربت بھی تقسیم کیا گیا۔