سیالکوٹ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کلین گرین سیالکوٹ کے شہریوں کیلیے پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا آغاز کردیا ہے اور پائپ لائن بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترقیاتی منصوبے ’’ٹیکس دہندگان کے نام‘‘ کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے ٹیکس دہندہ شیخ نوید اقبال چیئرمین ڈرائی پورٹ سے سبلائم چوک سے وزیرآباد روڈ تک جاری اسٹیٹ آف دی آرٹ سیوریج سسٹم منصوبے کا افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔منصوبے کی لاگت 141.31 ملین ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ عوام دوست، متوازن اور ٹیکس فری بجٹ ہوگا جس سے عوام بڑی خوشگوار تبدیلیاں محسوس کریں گے، تحریک انصاف معیشت کو مصنوعی کے بجائے حقیقی طور پر مضبوط کر رہی ہے۔