کلبھوشن یادیو کے کیس کو مسلم لیگ( ن) نے بگاڑا، شاہ محمود قریشی

352

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انتقام نہیں بلکہ صاف اور شفاف احتساب پر یقین رکھتے ہیں جبکہ سی آئی اے چیف کا دورہ کوئی خفیہ نہیں ہے اور نہ یہ ان کا پہلا یا آخری دورہ ہے اور پاکستان کا امریکہ کو اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان میں البدر پارک بنانے پر خطیر رقم خرچ کر رہے ہیں، پنجاب کے تمام اضلاع میں وزیر اعظم کے حکم پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں گی۔

شاہ محمود قریشی کا کہناتھاکہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس کو مسلم لیگ ن نے بگاڑا اور اب بھارت چاہتا ہے کلبھوشن کو قونصلر رسائی نہ دی جائے، ہم عالمی عدالت کی سفارشات پر عملدرآمد کر رہے ہیں جبکہ بھارت چاہتا ہے پاکستان کو دوبارہ عالمی عدالت میں لے جائے، امید ہے اپوزیشن ناسمجھی کا مظاہرہ نہیں کرے گی اور اپوزیشن ارکان بھارت کی چالوں کو پہچانیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتقام نہیں بلکہ صاف اور شفاف احتساب پر یقین رکھتے ہیں، ہم کسی کی بلاوجہ پگڑی اچھالنے اور احتساب کے قائل نہیں، احتساب کے عمل سے گزرنے والے کو صفائی کا موقع دیا جائے گا، یہ بالکل واضح ہے کہ عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کو سامنے رکھتے ہوئے سعودی حکومت نے صرف مقامی لوگوں کو حج کی اجازت دی ہے جبکہ منی بجٹ نہیں لا رہے ہیں اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال پہلے بجٹ کتاب کا مطالعہ کریں پھرتنقید کریں۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی آئی اے چیف کا دورہ کوئی خفیہ نہیں اور نہ یہ ان کا پہلا یا آخری دورہ ہے تاہم پاکستان کا امریکہ کو اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جی سیون ممالک ڈویلپمنٹ میں انویسمنٹ کرنا چاہتے ہیں تو اچھی بات ہے اور وہ اقدام جن سے ترقی پذیر ممالک میں ڈوپلپمنٹ ہو اس سے ہمیں خوشی ہوگی جبکہ ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری کے منصوبے کے اقدام سے چین کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین سی پیک کا اپنا کام کر رہا ہے اور کرتا رہے گا اور چین کا یہ پروجیکٹ تعمیر و ترقی کا ہے جبکہ جی سیون ممالک اس طرح کے پروجیکٹ کرنا چاہتے ہیں تو یہ اچھا مقابلہ ہو گا۔

دوسری جانب  سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہناتھاکہ کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا نشانہ بننے والے پاکستانی نژاد مقتولین کے اہل خانہ سے ٹیلیفونک رابط کیا اور کہا کہ آپ کے ساتھ پیش آنے والے اس المناک واقعہ پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے۔

 وزیر خارجہ کا کہناتھاکہ میری اس واقعہ کے حوالے سے کینیڈین وزیر خارجہ سے مفصل بات ہو چکی ہے۔

وزیر خارجہ نے متاثرہ خاندان کو بتایا کہ کینیڈین وزیر خارجہ نے کینیڈین حکومت کی جانب سے اس واقعہ کی جامع تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کینیڈین وزیر خارجہ نے کینیڈا میں مقیم مسلمانوں کے تحفظ اور اسلاموفوبیا اور نفرت آمیز بیانیے کی بیخ کنی کیلیے، پاکستان کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر آواز اٹھانے کا عندیہ دیا ہے جبکہ پاکستان ایک عرصے سے عالمی برادری کی توجہ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کی جانب مبذول کروانے کی کوشش کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کینیڈین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو  میں ، اس المناک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی سطح پر ٹھوس اقدامات کریں تاکہ اس طرح کے واقعات کا سدباب ہو سکے ۔

 وزیر خارجہ نے متاثرہ خاندان کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی فراہمی کا یقین دلایا، ورثا کی خواہش کے مطابق ان چاروں مقتولین کی نماز جنازہ گذشتہ روز اسلامک سینٹر اونٹاریو کینیڈا میں ادا کی گئی ہے جبکہ وزیر خارجہ کی ہدایت پر کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ اور قونصل جنرل ٹورانٹو عبدالحمید نے مقتولین کی نمازہ جنازہ میں شرکت کی۔

واضح رپےنماز جنازہ میں کورونا وبا کے باعث عائد کردہ پابندیوں کے باوجود سینکڑوں پاکستانی نژاد کینیڈین شہریوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور اظہار یکجہتی کے لیے مارچ بھی کیا۔