پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے ہرادیا

334

کراچی (سید وزیر علی قادری):  پاکستان سپر لیگ 6 کے  19 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے شکست دے دی جبکہ 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر ڈیوڈ ملر پلیئر آف دی میچ قرار پائے  ہیں۔

تفصیلات کے مطابق   198 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بناسکی جبکہ 46 گیندوں پر 73 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر پشاور زلمی کے ڈیوڈ ملر کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اوپننگ جوڑی نے اپنی ٹیم کو 62 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا، صائم ایوب 35 اور عثمان خان 28 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیا اور ایک کے بعد ایک وکٹ گنوا کر چلتا بنا۔

جیک ویدرویلڈ 13، اعظم خان، محمد نواز اور کیمرون ڈیلپورٹ کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے.  کپتان سرفراز احمد نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر مزاحمت کی کوشش کی مگر وہ بھی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے اور وہ 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کے محمد عرفان نے تین وکٹیں حاصل کیں، عمید آصف اور وہاب ریاض نے دو، دو جبکہ فابیئن ایلن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔

 پشاور زلمی کے اوپنر حیدر علی صفر اور شعیب ملک دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو مڈل آرڈر بیٹسمین ڈیوڈ ملر نے اوپنر کامران اکمل کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 125 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے پشاور زلمی کی جیت کی بنیاد رکھی۔

ڈیوڈ ملر نے 46 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ اوپنر کامران اکمل نے 37 گیندوں پر 59 رنز بنائے،  رومان پاؤل نے 19 گیندوں پر 5  چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 43 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 197 تک پہنچایا۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے دو جبکہ خرم شہزاد اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاف ڈوپلیسی کو فیلڈنگ کے دوران محمد حسنین کے ساتھ ٹکر لگنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور اب ان کی جگہ صائم ایوب کو کنکشن متبادل کی حیثیت سے فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

آج روز اتوار کو  پی ایس ایل 6 میں دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں جبکہ دوسرے میچ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔