حکومت اگلا الیکشن چرانا چاہتی ہے ،احسن اقبال

190

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے وفاقی وزیر اطلاعات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چودھری وکیل ہیں، ہمیں ٹیکنالوجی نہ پڑھائیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بجٹ سے ایک روز پہلے قومی اسمبلی میں 2 قوانین منظور کرائے گئے، حکومت نے بلڈوز کر کے انتخابی قوانین منظور کرائے اور حکومت اگلا الیکشن چرانا چاہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حلقہ بندی آبادی کے بجائے ووٹر لسٹوں سے مشروط کر دی گئی، ووٹر لسٹوں کو الیکشن کمیشن کے بجائے نادرا کے حوالے کر دیا گیا، اس طرح حکومت جسے چاہے ووٹر لسٹوں میں شامل کرے گی جسے چاہے گی نکال دے گی۔ان کا کہنا تھاکہ ووٹر لسٹ الیکشن کمیشن کی پراپرٹی ہے، وہ اس سے نہیں لی جاسکتی یہ آزاد اور منصفانہ الیکشن کے اوپر بہت بڑا حملہ ہے جو اس حکومت نے کیا ہے، الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے سیکریسی نہیں رہتی۔احسن اقبال کا کہنا تھاکہ وورسیزپاکستانیوں کیلیے الگ نشستیں رکھی جا سکتی ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملکی سیاست کا کچھ پتا نہیں، اس سے بیرونی مداخلت کے دروازے کھل جائیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ اس طرح کے اقدامات سے ملک اور قوم کیساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، حکومت نے اپنی اتحادی جماعت کو خوش کرنے کیلیے یہ شرط رکھی ہے، اس طرح کراچی میں نشستیں بڑھ جائیں گی،کے پی اوربلوچستان میں کم ہوجائیں گی۔