مالیاتی ایوارڈ کے بغیربجٹ غیر آئینی ہے‘ یوسف رضا گیلانی

125

اسلام آباد (صباح نیوز)ایوان بالا میں قائدحزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے مالیاتی ایوارڈ کے بغیربجٹ کو غیر آئینی قراردے دیا، اپوزیشن غیرآئینی بجٹ کو منظور نہیں ہونے دے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم تک بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا، وفاقی بجٹ 2021-22ء کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے، اسے این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم کے بغیر پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آئین کی 18ویں ترمیم کے ذریعے بجٹ کو این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم سے مشروط کیا گیا تھا۔این ایف سی ایوارڈ کی منظوری کے بغیر غیرآئینی طور پر بجٹ پیش کرنے کے خلاف گزشتہ روز سینیٹ میں اپوزیشن نے واک آؤٹ بھی کیا تھا ۔ایوان بالا میں قائدحزب اختلاف نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملکی آئین کے خلاف کوئی کام نہیں ہونے دے گی۔