اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر سے پر امید ہیں، مایوس نہیں کریںگے ، وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور ان کی ٹیم نے کورونا وبا سے عوام کو بچانے کے جس محنت اور جذبے سے کام کیا وہ لائق تحسین ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان سے بات چیت کے دوران کیا ۔ جنہوں نے ان سے یہاں ملاقات کی ۔ شہباز شریف نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر اور وہاں کے عوام کی ترقی کے لئے کاوشوں کو سراہا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کی اپنے ناقابل تنسیخ حق استصواب رائے کے حصول اور آزادی تک ان کے شانہ بہ شانہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے پارٹی صدر کو آزاد جموں و کشمیر کے بجٹ اور ترقیاتی کاموں، انتخابات کے حوالے سے انتظامات اور تیاریوں کی صورتحال کے بارے میں بتایا ۔