نالائق حکومت کا اکنامک سروے عوام دشمنی ہے،مریم اورنگزیب

152

اسلام آباد ( آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اقتصادی سروے کو حکومت کے منہ پر طمانچہ قرار دے دیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا عمران صاحب کو یہ اقتصادی سروے جاری کرنے سے پہلے استعفا دینا چاہیے تھا ۔ انہوں نے کہا کرپٹ، نااہل اور نالائق حکومت کا اپنا جاری کردہ اکنامک سروے عوام دشمنی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی سروے میں عمران مافیا حکومت نے قرض، مہنگائی اور بے روزگاری میں بدترین اضافے کا اعتراف جرم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک سروے میں عمران مافیا حکومت نے عوام کو غربت کی دلدل میں دھکیلنے کا اعتراف گناہ بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک سروے میں معاشی تباہی کا اعتراف کرنے سے پہلے ظالم، کرپٹ اور نااہل ٹولے کو استعفا دینا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حقیقی آمدن میں شدید کمی ہوئی، 3 سال میں عمران صاحب نے غریبوں، مزدوروں کی جیب کاٹ لی ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 ءکے مقابلے میں عمران صاحب کے دور میں دیہاڑی دار، مزدور، راج مستری کی آمدن کم ہوئی۔