سکھر،میہڑ پانی کی بندش کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے

231

سکھر، میہڑ (نمائندگان جسارت) شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی بندش، علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے، ایڈمنسٹریٹر دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ، پانی دو پانی دو کے نعرے، پانچ روز سے علاقے میں پانی بند ہے، شکایات کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں، پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مظاہرین کا بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی بندش کیخلاف یونین کمیٹی 19نیو پنڈ کے مختلف علاقوں کے مکین سڑکوں پر نکل آئے اور نیو پنڈ سے ایڈمنسٹریٹر سکھر میونسپل کارپوریشن کے دفتر تک احتجاجی ریلی نکالی اور دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پانی دو پانی دو کے نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت علاقہ معززین عبدالسمیع پیرزادہ سمیت دیگر کررہے تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پانی کی فراہمی کے لیے تحریری پلے کارڈ و بینرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے باعث نیو پنڈ کے مختلف علاقوں آغا بدر الدین کالونی، درزی محلہ، عباسی محلہ، گوپانگ محلہ، اسلام کالونی، چونا بھٹہ سمیت مختلف علاقوں میں گزشتہ پانچ روز سے پانی بند ہے۔ علاقے میں گھریلو سرگرمیاں شدید متاثر ہیں۔ شکایات کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں، علاقہ مکین دور دراز سے پانی بھرنے اور رقم کے عوض خریدنے پر مجبور ہیں۔ علاقہ کربلا کا منظر پیش کررہا ہے لیکن انتظامیہ ٹس سے مس ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ مظاہرین نے بالا حکام سے نوٹس لے کر پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ میہڑ رائس کینال اور ان سے نکلنے والی نہروں میں پانی کی قلت کیخلاف میہڑ میں آبادگاروں اور ایس یو پی کی جانب سے سکندر سوڈہر، عمر تیونو، عبدالحمید سومرو، جاجی خان مارفانی ودیگر کی قیادت میں ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھا کر میہڑ بائی پاس سے احتجاجی ریلی نکال کر پیدل مارچ کر کے میہڑ گھنٹہ گھر چوک اور نیشنل پریس کلب میہڑ کے سامنے دھرنا دیا۔ مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے اور نیشنل پریس کلب میہڑ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جون ماہ پورا ہونے والا ہے، افسوس اس وقت تک رائس کینال اور اس سے نکلنے والی نہروں میں پانی نہیں آسکا۔ آبپاشی عملدار بیج کمپنیوں سے ملی بھگت کرکے پانی نہیں دے رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رائس کینال اور اس سے نکلنے والی نہروں میں پانی دے کر آبادگاروں کی بے چینی ختم کی جائے۔