لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے قریب شادی شدہ حاملہ خاتون اور نوجوان کی گولی لگی لاشیں برآمد، پوسٹ مارٹم کے لیے ٹریکٹر پر لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں، پولیس نے تحقیقات شروع کردی، لاڑکانہ کے قریب تھانہ رشید وگن کی حدود چودگی کے علاقے میں شادی شدہ حاملہ خاتون اور نوجوان کی گولی لگی لاشیں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے لاشیں تحویل میں لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے لیے ٹریکٹر ٹرالی پر چانڈکا اسپتال منتقل کردیں۔ پولیس کے مطابق لاشوں کی شناخت ڈوکری کے گاؤں بخش جتوئی کی رہائشی حاملہ خاتون عجیباں اور نوجوان اکرم جتوئی کے نام سے ہوئی، حاملہ خاتون عجیباں شادی شدہ اور 6 بچوں کی والدہ تھیں، جنہوں نے نوجوان سے پسند کی شادی کی تھی، شبہ ہے کہ دونوں کو سیاہ کاری کے الزام میں قتل کیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہے۔ دوسری جانب مقتول نوجوان اور خاتون کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی تاہم آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ لاڑکانہ کے قریب رشید وگن روڈ پر دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں گاؤں بگن ابڑو کے رہائشی نوجوان منور علی ابڑو موقع پر جاں بحق جبکہ صدورو ابڑو، امداد ابڑو، محمود کلہوڑو اور مسعود ابڑو شدید زخمی ہوئے جنہیں علاقہ مکینوں نے پولیس کی مدد سے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کردیا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے محمود کلہوڑو جاں بحق ہوگئے۔ ورثاء کے مطابق متوفی محمود کلہوڑو اپنے بھائی کے ہمراہ رشید وگن کام کے سلسلے میں گیا گھر واپسی کے دوران رشید وگن روڈ پر دو موٹرسائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں محمود سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ لاڑکانہ کے قریب گاؤں محراب خان شاہانی میں 6 سالہ بچہ عبدالستار ہیرا واہ نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا، جسے بے ہوشی کی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بچے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لاش ورثاء کے حوالے کردی۔ ورثاء کے مطابق 6 سالہ عبدالستار گاؤں کے دیگر بچوں کے ہمراہ سخت گرمی سے بچنے کے لیے قریبی نہر میں نہانے گیا جہاں وہ ڈوب گیا۔ دوسری جانب متوفی بچے کی لاش ورثاء گاؤں لے گئے۔