آزادکشمیر رکن اسمبلی صغیر چغتائی کی گاڑی دریائے جہلم میں جا گری

257

اسلام آباد (صباح نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور ایل اے22 پونچھ5 سے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے امیدوار سردار صغیر چغتائی کی گاڑی آزاد پتن کے مقام پر جمعہ کودریائے جہلم میں گر گئی ہے۔ سردار صغیر چغتائی کی گاڑی آزاد پتن پل سے کچھ فاصلے پر فاروق ہوٹل کے قریب سامنے سے آنے والی ایک کلٹس کار سے ٹکرانے کے بعد دریا میں گر گئی۔ ٹکرانے والی گاڑی بھی دریا میں جاگری ہے ، ان 2 گاڑیوں میں سردار صغیر چغتائی سمیت 5افراد سوار تھے۔کار میں سوار افراد میں سے ایک کی لاش مل گئی ہے جبکہ سردار صغیر چغتائی سمیت دیگر افراد کی تلاش جاری ہے ۔جس گاڑی میں سردار صغیر چغتائی سوار تھے اس میں ان کا ڈرائیور اور سیکرٹری بھی سوار تھے ۔پولیس کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ سردار صغیر چغتائی اور دوسرے افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں شہری آزاد پتن پہنچ گئے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر سردار تنویر الیاس خان بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے آزاد پتن پہنچے ۔سردار صغیر چغتائی ان کے چچا تھے۔ 4 افراد کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں کی خدمات حاصل کی گئیں تاہم کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔