کینیڈا اسلاموفوبیا کیخلاف پاکستان کے ساتھ عالمی سطح پر اقدامات کرے گا،شاہ محمود

287

اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بے گناہ مقتولین کو انصاف دلانے کے لیے اور اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تدارک کے لیے میری کینیڈا کے وزیر خارجہ کے ساتھ مفصل بات چیت ہوئی ‘ انہوں نے مکمل انصاف کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے مظلوم فلسطینیوں پر جاری منظم مظالم کے خلاف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے اور فلسطین امن سفارتی مشن کی کامیابی پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کینیڈا کے وزیر خارجہ نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف عالمی سطح پر پاکستان کے ساتھ مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کا عندیہ دیا ہے‘ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے مثبت ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہیں‘ کینیڈا میں ہمارا سفارت خانہ، مقتولین کے اہل خانہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا اور نفرت آمیز بیانیے کی بیخ کنی کے لیے عالمی سطح پر موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔