عمران خان کی ایک ہزار ارب روپے کی چوری پکڑی گئی،بلاول

218
اسلام آباد: چیئرمین بلاول زرداری سندھ کے پارٹی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہاہے کہ ایک ہزار ارب روپے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے، میگا کرپشن پر انکوائری کی جائے، قومی خزانے پر ڈاکا مارنے والے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا،پی ٹی آئی کا بجٹ عوامی نہیں بلکہ سیاسی ہے، پیپلز پارٹی سلیکٹڈ حکومت کے سلیکٹڈ بجٹ کو ماننے سے انکارکرتی ہے۔ بلاول ہائوس میڈیاسیل سے جاری بیان بیان میں بلاول زرداری نے کہاکہ عمران خان کی حکومت نے صرف شرح سود میں ردوبدل کرکے قومی خزانے کوایک ہزار ارب روپے تک کا نقصان پہنچایا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان نے مخصوص سرمایہ داروں کے 2ارب ڈالر بیرون ملک سے منگوائے اورشرح سود 13.25 فیصد مقرر کر کے اپنے دوستوں کو فائدہ پہنچا کرپیسے واپس کردیے،عمران خان بتائیں کہ یہ دو ارب ڈالر کن سرمایہ دار دوستوں کے تھے کہ جن کو فائدہ پہنچانے کے لیے قومی خزانے کو 300ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔بلاول زرداری نے کہا کہ آئی ایم ایف نے شرح سود 12 فیصد تک رکھنے کا کہا تھا اور عمران خان کی حکومت نے اس کو 13.25 فیصد بڑھا کر چند سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچایا،پاکستان انویسٹمنٹ بونڈز کی شرح سود اچانک تبدیل کرکے عمران خان کی حکومت نے چند مخصوص سرمایہ داروں کو 700 ارب روپے تک کا فائدہ پہنچایا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان انوسٹمنٹ بونڈ کے 700 ارب روپے اور دو ارب ڈالر پر 300 ارب روپے اورمجموعی طور پر ایک ہزار ارب روپے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی اس میگا کرپشن پر پارلیمانی انکوائری کی جائے، قومی خزانے پر ڈاکا مارنے والے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا، پاکستان پیپلزپارٹی اس میگا کرپشن اسکینڈل کے ایک ایک روپے کا عمران خان سے حساب لے گی۔