امید ہے وزیر خزانہ ٹیکسزنہ بڑھانے کے وعدے پر قائم رہیں گے، سراج الحق

350

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ وزیرخزانہ بجٹ میں پاور ٹیرف اور دیگر ٹیکسزنہ بڑھانے کے اپنے وعدے پر قائم رہیں گے، گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے پاور پلانٹس بند پڑے ہیں۔

منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے پاور سیکٹر، بنکوں، پی آئی اے، پاکستان ریلوے سمیت سینکڑوں قومی اداروں کو بیچنے کا پروگرام تشکیل دیاہے جس سے اقتصادی بحران اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا۔

سراج الحق نے مزید کہاکہ اقتصادی سروے میں جتنے ٹارگٹ سیٹ کیے گئے ہیں ان میں سے موجودہ حکومت نے ایک بھی پورا کردیا تو بڑی بات ہوگی،کسانوں تک ڈائریکٹ سبسڈی پہنچانے کے وعدے سہانے ہیں لیکن کاش ان پر عمل درآمد بھی ہو۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک کی ساٹھ فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، حکومت بجٹ میں ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا واضح پروگرام دے۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے اعتراف کرلیاہے کہ ان کی حکومت گزشتہ تین سالوں میں تنخواہ دار اور غریب طبقہ کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی جبکہ آئندہ کے لیے وعدے وعید کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے یہ بھی تسلیم کرلیاہے کہ ٹیکس آمدن میں اضافہ در اصل ٹیکس نیٹ ورک بڑھانے سے نہیں بلکہ پہلے سے پسے ہوئے طبقے پر مزید بوجھ ڈالنے سے ہواہے۔